ماسکو ،8؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے طیاروں کی جانب سے شام میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے چار اعلیٰ رہنماؤں سمیت متعدد جہادی مارے گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ فضائی حملہ مشرقی شامی شہر دیرالزور میں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایس یو 34بمباروں اور ایس یو 35لڑاکا طیاروں نے یہ کارروائی پانچ ستمبر کو کی تھی، تاہم اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی اطلاعات اب ملی ہیں۔ خبر رساں اداروں سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ فضائی حملہ داعش کے کمانڈروں کی خفیہ میٹنگ کے موقع پر کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں مبینہ طور پر گُلمرود خالیموف نامی جنگجو بھی شامل ہے جسے جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ کا وزیرِ جنگ قرار دیا جاتا تھا۔